جنوبی وزیرستان، آپریشن میں 8 دہشتگرد جہنم واصل، دو جوان شہید
جنوبی وزیرستان میں امن دشمنوں کیخلاف کارروائی کے دوران 8 دہشتگردوں کو جہنم واصل کر دیا گیا جبکہ دو جوان فرض پر قربان ہو گئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق سکیورٹی فورسز نے خیبرپختونخوا کے ضلع جنوبی وزیرستان کے علاقے زرملان میں انٹیلی جنس بنیاد پر آپریشن کیا۔
یہ بھی پڑھیں ،بلوچستان، سکیورٹی فورسز کی کارروائی، 3 دہشت گرد جہنم واصل
بیان کے مطابق سکیورٹی فورسز نے موثر طریقے سے دہشتگردوں کے مقام کا پتہ لگایا، اسی دوران سکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا، اس دوران 8 دہشتگردوں کو جہنم واصل کر دیا گیا۔ ہلاک دہشت گردوں سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق مارے گئے دہشت گرد سکیورٹی فورسز کے خلاف دہشت گردی کی کارروائیوں اور معصوم شہریوں کے قتل میں سرگرم رہے۔
بیان کے مطابق فائرنگ کے تبادلے کے دوران دو جوان فرض پر قربان ہو گئے، شہید ہونے والوں میں لانس نائیک شعیب علی اور سپاہی رفیع اللہ شامل ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق شہید ہونے والے 25 سالہ لانس نائیک شعیب علی کا تعلق ضلع کرم کے علاقے پارا چنارا سے تھا جبکہ 22 سالہ سپاہی رفیع اللہ کا تعلق ضلع لکی مروت سے ہے۔
یہ بھی پڑھیں، خیبرپختونخوا میں سکیورٹی فورسز کی کارروائی، 3 دہشت گرد ہلاک
بیان کے مطابق علاقے میں کلیئرنس آپریشن جاری ہے تاکہ علاقے میں پائے جانے والے دہشتگردوں کا خاتمہ کیا جا سکے۔ سیکیورٹی فورسز دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں اور ہمارے بہادر سپاہیوں کی ایسی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔