کیویز کیخلاف بابر، رضوان کا رینکنگ پوائنٹس بہتر کرنے کا موقع

ٹی ٹونٹی باؤلرز کی رینکنگ میں راشد خان کی پہلی، فضل حق دوسرے، جوش ہیزل ووڈ تیسرےنمبر پر براجمان
<p>File photo</p>

File photo

نیوزی لینڈ کے سینئر کھلاڑیوں کی عدم موجودگی کے بعد قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم اور وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان کے پاس کیویز کے خلاف سیریز میں رینکنگ پوائنٹس کو بہتر کرنے کا موقع ہوگا۔

نیوزی لینڈ کے فاسٹ باؤلر ٹرینٹ بولٹ، لوکی فرگوسن، ٹم ساؤتھی، کائلی جیمیسن اور مچل سینٹنر ان دنوں انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کھیلنے میں مصروف ہیں، اس لیے بابراعظم اور رضوان کے پاس 5 میچوں کی سیریز میں بڑا اسکور کرنے کا سنہری موقع ہے۔

محمد رضوان 811 پوائنٹس کےساتھ دوسرے نمبر پر ہیں، ان کے ساتھ پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم کا 755 پوائنٹس کے ساتھ تیسرا نمبر ہے۔ محمد رضوان اور بابر اعظم کو نیوزی لینڈکےخلاف پانچ میچزکی سیریزمیں پوائنٹس بہتربنانےکا موقع ملےگا۔

دوسری طرف بھارتی بیٹر سوریا کمار یادیو اس وقت ٹی ٹونٹی بلے بازوں کی رینکنگ میں 906 پوائنٹس کے ساتھ پہلی پوزیشن پر ہیں، تاہم گزشتہ دو سیریز کے دوران وہ مسلسل ناکام ہو رہے ہیں۔

نمبر ون ٹی ٹونٹی بیٹر آسٹریلیا کے خلاف ون ڈے سیریز میں لگاتار تین مرتبہ صفر پر آؤٹ ہوئے اور انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کے پہلے 3 ٹی ٹوئنٹی میچوں میں محض 16 رنز بنا سکے تھے۔

بھارت کی اگلی سیریز افغانستان کے خلاف ہے جن کے پاس دنیا کے بہترین سپنرز ہیں جن میں راشد خان، مجیب الرحمان شامل ہیں اس سیریز کے دوران سوریا کمار یادیو مزید پوائنٹس گنوا سکتے ہیں۔

خیال رہے کہ بابر اعظم اور محمد رضوان دونوں 2021 اور 2022 میں بھی ٹی ٹونٹی بلے بازوں کی رینکنگ میں سرفہرست رہے تھے لیکن ایشیا کپ اور ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں سوریا کمار یادیو کی فارم نے سرفہرست پر پہنچنے میں مدد کی۔

دوسری طرف ٹی ٹونٹی باؤلرز کی رینکنگ میں افغانستان کے راشد خان کی پہلی پوزیشن برقرار ہے۔ فضل حق دوسرے جبکہ آسٹریلیا کے جوش ہیزل ووڈ تیسرے نمبر پر آ گئے۔

سری لنکا کے اسپنر وانندو ہسارنگا کی دو درجےتنزلی ہوئی ہے جس کے بعد وہ چوتھے نمبر پر آگئے۔

سری لنکا کے مہیش تھیکشانا پانچویں نمبر پر اور آل راؤنڈرز میں بنگلا دیش کے شکیب الحسن کا پہلا نمبر برقرار ہے۔

Tabool ads will show in this div