عمران خان کے نقش قدم پر چل کر سیاست میں آنے کا ارادہ نہیں، شاداب خان
قومی کرکٹ ٹیم کے نائب کپتان اور آل راؤنڈر شاداب خان نے راولپنڈی کے کنٹونمنٹ بورڈ ہسپتال کا دورہ کرتے ہوئے کہا کہ وہ لوگوں کی فلاح و بہبود کے لیے کام کرنے میں خصوصی دلچسپی رکھتے ہیں۔
شاداب خان نے ہسپتال کی سہولیات کو سراہتے ہوئے کہا کہ نیک مقصد کے لیے کام کر رہے ہیں۔ ملک میں طبی سہولیات بہت اہم ہیں کیونکہ صحت مند شہری ہی پاکستان کو ترقی دے سکتے ہیں۔ صحت کے شعبے میں بھی اپنا حصہ ڈالنا چاہتے ہیں۔
اسی دوران صحافیوں کی جانب سے پوچھا گیا کہ کیا آپ سابق وزیراعظم عمران خان کے نقش قدم پر چلیں گے جنہوں نے لاہور، کراچی اور پشاور میں کینسر ہسپتال شوکت خانم بنایا۔
اس پر جواب دیتے ہوئےقومی ٹیم کے نائب کپتان کا کہنا تھا کہ عمران خان نے بطور کپتان ورلڈ کپ جیتا اور سیاستدان بنے اور تقریباً 22 سال کرکٹ کھیلنے کے بعد ہسپتال بنایا۔ اس لیے وہ فی الحال صرف کرکٹ کیریئر پر توجہ دے رہے تھے اور فی الحال سیاست میں آنے کا کوئی ارادہ نہیں رکھتے۔
یاد رہے کہ شاداب خان نے حال ہی میں افغانستان کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز میں بھی پاکستان کی قیادت کی اور پاکستان سپر لیگ میں اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے کھیلتے ہوئے قائدانہ صلاحیتوں کا مظاہرہ بھی کیا۔