خواجہ سعد رفیق کا پی آئی اے کی نجکاری سے متعلق بڑا بیان سامنے آگیا
وفاقی وزیر ہوا بازی خواجہ سعد رفیق نے قومی ایئر لائن کی نجکاری سے متعلق بڑا بیان دے دیا، کہتے ہیں کہ پی آئی اے کو فروخت کرنے کا کوئی منصوبہ نہیں، ادارے کی تنظیم نو کی جارہی ہے۔
سماء سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر ہوا بازی و ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ کراچی، اسلام آباد اور لاہور کے ہوائی اڈوں کو آؤٹ سورس کیا جا رہا ہے، بہترین عالمی آپریٹرز کو مدعو کیا جائے گا جس کیلئے اشتہار آئے گا۔
ان کا کہنا ہے کہ ماضی میں اربوں روپے غلط مقامات پر ایئرپورٹس بنانے میں ضائع کئے گئے، مظفر آباد اور لاڑکانہ کے ایئرپورٹس کیلئے غلط جگہیں منتخب کی گئیں، مظفر آباد کے ایئرپورٹ پر جہاز نہیں اتر سکتا، لاڑکانہ ایئرپورٹ موہنجوداڑو کے ساتھ بنایا گیا جہاں بڑے جہازوں پر پابندی ہے، یونیسف نے قدیم تہذیب کے پیش نظر لاڑکانہ ایئرپورٹ پر پابندی عائد کی۔
خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ پی آئی اے کو فروخت کرنے کا کوئی منصوبہ نہیں، پی آئی اے کی تنظیم نو جاری ہے، اچھے لوگوں کو آگے لائیں گے۔
وفاقی وزیر کا کہنا ہے کہ ڈی آئی خان اور سکھر ایئرپورٹس کو انٹرنیشنل درجہ دلوا رہے ہیں، ڈی آئی خان کا شہر سے باہر نیا ایئرپورٹ بنے گا، سکھر ایئرپورٹ کو انٹرنیشنل ایئرپورٹ بنا رہے ہیں۔
واضح رہے کہ ماضی میں کئی بار حکومتیں پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز کی نجکاری کا منصوبہ بناچکی ہیں۔