نسیم شاہ کے رشتہ ازدواج میں منسلک ہونے کی خبریں جعلی قرار

جو تصویر میں نے پوسٹ کی تھی وہ منگنی یا نکاح کے بارے میں نہیں تھی، فاسٹ باؤلر کا رد عمل

پاکستانی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ باؤلر نسیم شاہ نے سوشل میڈیا پر منگنی یا نکاح کی خبروں کو جعلی قرار دیدیا۔

نسیم شاہ نے دو بزرگوں کے درمیان بیٹھے اپنی وائرل تصویرسے متعلق مداحوں کی قیاس آرائیوں کا جواب دیتے ہوئے صورتحال واضح کردی ہے۔ انسٹا گرام پرشیئرکی جانے والی تصویر میں نسیم کو دو بزرگوں کے درمیان خوشگوار موڈ میں بیٹھے دیکھا جاسکتا ہے۔

اس تصویرمیں نسیم شاہ کی مسکراہٹ اور سرپرٹوپی کے علاوہ ساتھ بیٹھے بزرگ کی وجہ سے مداحوں نے کچھ اور ہی رنگ دیتے ہوئے تبصرہ کرنا شروع کر دیئے کہ فاسٹ باؤلر رشتہ ازدواج میں منسلک ہو چکے ہیں۔

تصویر کے حوالے سے مداحوں کی جانب سے بے شمار پیغامات اور سوالات کے بعد نسیم شاہ نے بالآخر خاموشی توڑتے ہوئے صورتحال واضح کی۔ کرکٹرنے انسٹا گرام سٹوری میں بتایا کہ مذکورہ تصویر ان کے گھر پر افطار کے موقع پرکھینچی گئی ہے۔

نسیم شاہ نے لکھا کہ جو تصویر میں نے پوسٹ کی تھی وہ منگنی یا نکاح کے بارے میں نہیں تھی،شکرگزار ہونے کا مطلب یہ نہیں ہے کہ یہ کسی رشتے میں شامل ہونے یا کسی اور چیز کے بارے میں ہے۔

اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے انہوں نے کہا کہ برائے مہربانی غلط تشریح کرنا بند کریں کیونکہ یہ میرے خاندان والوں کے ساتھ صرف ایک افطار کی تصویر تھی۔

کرکٹر نے سوشل میڈیا کی فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپلی کیشن انسٹا گرام کی سٹوری میں امید ظاہر کی ہے کہ اب سب پر اصل بات واضح ہو گئی ہوگی۔

Tabool ads will show in this div