عمران خان کے قتل کی سازش کے الزام پر تحقیقات کا فیصلہ
پنجاب حکومت نے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کے قتل کی سازش کے الزام پر تحقیقات کا فیصلہ کرلیا۔
ایڈیشنل چیف سیکرٹری نے ایک رکنی ٹریبونل کی تشکیل کےلیے سمری وزیراعلیٰ پنجاب کو بھجوا دی۔ ٹربیونل سابق وزیراعظم عمران خان کے الزامات کا جائزہ لے گا۔
محکمہ داخلہ پنجاب نے الزامات کے تحقیقات کےلیے مجوزہ ٹریبونل کے ٹی او آرز تیار کرلیے۔ الزامات ثابت نہ ہونے کی صورت میں سخت ایکشن لیا جائے گا۔
اس سے قبل 23 مارچ کو لاہور میں میڈیا سے گفتگو میں نگراں وزیراعلی پنجاب کا کہنا تھا کہ عمران خان حملے کے بیان پر پنجاب حکومت نے کمیشن بنادیا جو تحقیقات کرے گا، اگر عمران خان پر حملے کے الزام میں ایک فیصد بھی سچائی ہوگی تو ملوث لوگوں کو سخت سزا ملے گی۔
یاد رہے کہ 22 مارچ کو ایک نیوز کانفرنس سے خطاب میں عمران خان نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ انہیں مرتضیٰ بھٹو کی طرح قتل کیا جا سکتا ہے۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ ان کے خلاف آئی جی پنجاب اور آئی جی اسلام آباد اور ان کے ’’ہینڈلرز‘‘ نے پلان بنایا ہے جس کے مطابق زمان پارک کے اندر آپریشن کیا جائے گا اور اس دوران مبینہ طور پر ’’پلانٹڈ لوگ ’‘ پی ٹی آئی کے حامیوں میں شامل ہو کر پولیس والوں کو ماریں گے، اس کے جواب میں وہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کی طرح لوگوں کو قتل کریں گے۔