عمران خان کیساتھ ملاقات، اعجاز الحق پی ٹی آئی میں شامل

مسلم لیگ ضیاء کے سربراہ نے زمان پارک جا کر سابق وزیراعظم سے ملاقات کر کے تحریک انصاف میں باضابطہ شمولیت اختیار کر لی

پنجاب میں الیکشن کے انعقاد سے قبل پاکستان تحریک انصاف کو اہم کامیابی ملی ہے، ملک کے سینئر ترین سیاستدان اور سابق وفاقی وزیر اعجاز الحق نے پی ٹی آئی میں شمولیت کا اعلان کر دیا۔

پاکستان تحریک انصاف کے چیئر مین اور سابق وزیراعظم عمران خان سے پاکستان مسلم لیگ ضیاء کے سربراہ اعجاز الحق نے ملاقات کی۔ ملاقات لاہور میں زمان پارک میں ہوئی۔

ملاقات کے دوران سینئر سیاستدان نے پی ٹی آئی میں شمولیت کا اعلان کر دیا۔

صحافی سے غیر رسمی گفتگو میں اعجاز الحق نے کہا کہ عمران خان کے ساتھ ہم بہت عرصے سے ہیں، ہم مل کر الیکشن لڑیں گے اور ہماری پارٹی جو شہید ضیا الحق کے نام پر ہے وہ زندہ رہے گی جبکہ میں عمران خان کے ساتھ ہوں۔ جتنی جلدی ممکن ہو ملک کو مشکلات اور مسائل سے نکالنا چاہیے اور ہر قسم کی بات چیت کے لیے آپس میں ایک ساتھ بیٹھنا چاہیے اور اگر یہ خود نہیں بیٹھ سکتے تو کوئی ان کو ساتھ بیٹھا سکتا ہے۔

انہوں نے انکشاف کیا کہ عمران خان نے بولا کہ ہم ہر کسی سے بات چیت کرنے کیلیے تیار ہیں مگر ابھی الیکشن کے بارے میں بات کریں کیونکہ اب اور کسی چیز پر بات نہیں ہوسکتی۔ لوگوں کے گھر پر جانا، شیلنگ کرنے کے واقعات پاکستان میں پہلی بار دیکھ رہا ہوں، ایسا نہ ہو کہ ترازو کے پلڑے برابر کرواتے کرواتے ترازو ہی ٹوٹ جائے۔

خیال رہے کہ پاکستان مسلم لیگ ضیاء کے سربراہ اعجاز الحق اس سے قبل پاکستان مسلم لیگ ق میں شامل تھے، انہوں نے سابق صدر جنرل ( ر) پرویز مشرف کے دور اقتدار میں بطور وفاقی وزیر کے فرائض انجام دیئے تھے۔

یاد رہے کہ اس سے قبل اعجاز الحق پاکستان مسلم لیگ ن میں سابق وزیراعظم نواز شریف کے قریبی ساتھیوں میں شمار کیے جاتے تھے۔

واضح رہے کہ 2018ء کے انتخابات میں اعجاز الحق نے اپنے آبائی حلقے سے الیکشن لڑا تھا ، تاہم وہ کامیاب نہ ہو سکے، ان کا مقابلہ پاکستان مسلم لیگ ن کے نور الحسن تنویر سے تھا، جنہوں نے 91763 ووٹ لیکر کامیابی حاصل کی تھی اور اعجاز الحق کو 19 ہزار سے زائد ووٹوں کیساتھ شکست سے دوچار کیا تھا۔

خیال رہے کہ گزشتہ چند ماہ کے دوران اعجاز الحق نے عمران خان کے ساتھ متعدد ملاقاتیں کیں تھیں اور علی الاعلان کی حمایت کا اعلان کرتے تھے۔

پاکستان

PTI

IMRAN KHAN

Tabool ads will show in this div