جوڈیشل کمپلیکس کے اطراف سخت سیکیورٹی، ضوابط کی خلاف ورزی پر کارروائی کا فیصلہ
چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی جوڈیشل کمپلیکس میں پیشی کے موقع پر نظم وضبط کی خلاف ورزی کرنے والوں کیخلاف کارروائی کا فیصلہ کرلیا گیا۔ پولیس کی جانب سے مظاہرین پر آنسو گیس اور کلر بلٹ کا استعمال کیا جائے گا۔
سابق وزیراعظم عمران خان توشہ خانہ کیس میں پیشی کیلئے لاہور سے اسلام آباد روانہ ہوگئے۔
عمران خان کی جوڈیشل کمپلیکس میں پیشی کے موقع پر پولیس نے نظم وضبط کیخلاف ورزی کرنے والوں کیخلاف کارروائی کا فیصلہ کیا ہے۔
مزید جانیے : توشہ خانہ کیس میں پیشی: عمران خان اسلام آباد کی جانب رواں دواں
پولیس کا کہنا ہے کہ ضوابط کی خلاف ورزی پر مظاہرین کیخلاف آنسو گیس اور کلر بلٹ کا استعمال کیا جائے گا۔
پولیس اہلکار کی کلر بلٹ لوڈ کرنے کی وڈیو سامنے آگئی، جس میں ایک اہلکار کو کلر بلٹ لوڈ کرتے دیکھا جاسکتا ہے۔
دوسری جانب پولیس نے مظاہرین کو گرفتار کرنے کیلئے قیدیوں کو لے جانے والی گاڑیاں جوڈیشل کمپلیکس پہنچا دیں، قیدیوں کی 3 وینز کو جوڈیشل کمپلیکس کے داخلی راستوں پر کھڑا کردیا گیا ہے۔
حکام نے جوڈیشل کمپلیکس کے اطراف میں انٹرنیٹ سروس بھی جزوی طور پر بند کردی ہے۔