انضمام الحق کا پی ایس ایل میں باؤنڈریز پر ایک بار پھر تحفظات کا اظہار

افغانستان کو ہلکا نہیں سمجھنا چاہئے، سابق چیف سلیکٹر

انضمام الحق نے پی ایس ایل میں پچز اور باؤنڈریز پر تحفظات کا اظہار کردیا۔ کہتے ہیں کہ پچز خواہ بیٹنگ ہی بنائیں لیکن باؤنڈریز بڑی ہونی چاہئیں۔

پاکستان سپر لیگ کی ٹیم پشاور زلمی کے صدر اور سابق چیف سلیکٹر انضمام الحق کا کہنا ہے کہ پلے آف مرحلے کیلئے تیاری اچھی ہے، مقابلہ اچھا ہوگا، پی ایس ایل میں پچز اچھی بنی ہیں، بیٹنگ اچھی ہوئی ہے، پچز خواہ بیٹنگ ہی بنائیں لیکن باونڈریز بڑی ہونی چاہئیں۔

انہوں نے کہا کہ باؤنڈریز 70 میٹر پلس ہونی چاہئیں، چھوٹی باؤنڈریز بیٹرز اور بولرز دونوں کیلئے اچھی نہیں، چھوٹی باؤنڈریز کی وجہ سے بیرون ملک کھلاڑیوں کو مشکل پیش آسکتی ہے۔

انضمام الحق کا کہنا ہے کہ صائم ایوب کا وژن بہت اچھا ہے، نوجوان کرکٹر باصلاحیت ہے، صائم ایوب کو موقع ملا تو افغانستان کے خلاف بھی رنز کرے گا۔

پشاور زلمی کے صدر نے کہا کہ پی ایس ایل کی چاروں ٹیموں میں آگے جانے کی صلاحیت ہے، ہم پلے آف مرحلے میں گرتے پڑتے نہیں پہنچے، آخری میچ سے پہلے پلے آف میں پہنچ چکے تھے۔

انضمام الحق کا کہنا ہے کہ بولرز کیلئے یہاں مشکل پیش آرہی ہے، بولرز کیلئے بہتری کی ضرورت ہے، بیٹنگ پچز فینز کی دلچسپی کیلئے بنائی جاتی ہیں تاکہ انہیں تفریح ملے، باؤنڈریز بڑی کریں تاکہ بولرز کو یہاں اور بیٹرز کو بیرون ملک مشکل نہ ہو۔

صدر پشاور زلمی نے کہا کہ بینچ اسٹرنتھ کو دیکھ کر فیصلہ کرنا پڑتا ہے کہ کس کو آرام دیں اور کس کو نہیں، افغانستان کو ہلکی ٹیم کی طرح نہیں لینا چاہئے، ان کے کھلاڑی دنیا بھر میں لیگز کھیلتے ہیں، پاکستان کو اچھی کرکٹ کھیلنا ہو گی۔

PESHAWAR ZALMI

Inzimam ul Haque

PAKISTAN VS AFGHANISTAN

PSL8

PSL2023

Tabool ads will show in this div