مجھے کچھ ہو گیا تو آپ نے جدوجہد جاری رکھنی ہے: عمران خان
سابق وزیراعظم عمران خان نے اپنے ویڈیو بیان میں کہا ہے کہ ’پولیس مجھے گرفتار کرنے کے لیے زمان پارک پہنچ چکی ہے۔ ان کا خیال ہے کہ عمران خان جیل میں چلا جائے گا تو قوم سو جائے گی۔‘
عمران خان نے قوم کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ’آپ نے ان کو غلط ثابت کرنا ہے۔ چابت کرنا ہے کہ ہم زندہ قوم ہیں۔ مجھے کچھ ہو جاتا ہے یا جیل چلا جاتا ہوں تو آپ نے جدوجہد جاری رکھنی ہے۔‘
اس وقت زمان پارک کے باہر صورتحال خاصی کشیدہ ہے۔ تحریک انصاف کے کارکنان کی جانب سے پولیس پر پتھراؤ کیا جا رہا ہے جبکہ پولیس کارکنوں کو منتشر کرنے کے لیے آنسو گیس کی شیلنگ کر رہی ہے۔ ڈی آئی جی اسلام آباد شہزاد بخاری پی ٹی آئی کارکنان کے پتھراؤ سے زخمی ہو گئے ہیں۔ ہم سے بات کریں ہو سکتا ہے از خود گرفتاری دے دیں: شاہ محمود قریشی
پی ٹی آئی رہنما شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ ’ہم خون خرابہ نہیں چاہتے، ہم سے بات کریں۔‘ لاہور میں زمان پارک میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ’ڈی آئی جی اسلام آباد سے بات چیت کے لیے سڑک پر آیا ہوں۔ وارنٹ دکھائیں، میں پڑھوں گا اور سمجھوں گا اور پھر عمران خان اور وکلا سے بات کروں گا۔‘ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ’وارنٹ دیکھ کر مشاورت کروں گا کوئی معقول راستہ نکالیں گے۔‘ انہوں نے کہا کہ ’ہم سے بات کریں ہو سکتا ہے ہم از خود گرفتاری دے دیں۔ حفاظتی ضمانت پاس ہو تو گرفتاری نہیں ہو سکتی۔‘