عمران خان نے ظل شاہ کی موت پر جوڈیشل کمیشن بنانے کا مطالبہ کردیا

وزیراعلیٰ پنجاب اور آئی جی کی پریس کانفرنس شرمناک تھی، استعفیٰ لیا جائے، چیئرمین پی ٹی آئی

پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان نے نگراں وزیراعلیٰ پنجاب اور آئی جی پنجاب کی پریس کانفرنس کو شرمناک قرار دیتے ہوئے کہا ہے یہ لوگوں کو انسان نہیں بھیڑ بکریاں سمجھتے ہیں، ظل شاہ کی موت کو حادثہ قرار دیدیا گیا، چیف جسٹس پنجاب ظل شاہ کے معاملے پر جوڈیشل کمیشن بنائیں، الیکشن کمیشن نگراں وزیراعلیٰ، آئی جی اور سی سی پی او سے استعفیٰ لے۔

پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ اور سابق وزیراعظم عمران خان نے ویڈیو لنک کے ذریعے کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ آج ظل شاہ کے معاملے پر بات کرنا چاہتا ہوں، میرے پاس جنونی اور نظریاتی کارکن ہیں، ان پر فخر ہے، ساتھ دینے پر کارکنوں کا شکریہ ادا کرتا ہوں، یہ سردیوں میں بھی کیمپوں میں بیٹھے رہے، کارکنان کو خدشہ تھا مجھے اغواء کرلیا جائے گا۔

انہوں نے الزام لگایا کہ درندے پولیس والوں نے راوی کے پل سے ہمارے کارکن کو نیچے پھینک دیا، کے پی سے آنے والا نوجوان کارکن بھی پولیس کی شیلنگ میں شہید ہوا، 25 مئی کو بھی ہمارے کارکنان پر بڑا ظلم کیا گیا، ظل شاہ پر بھی ظلم کیا گیا اور لاش سڑک پر پھینک دی گئی، ذہن نہیں مانتا ان کی درندگی کے پیچھے کون سی سوچ تھی۔

عمران خان کا کہنا ہے کہ پولیس کا کام آپ کو تحفظ دینا ہے، ظل شاہ کے جسم پر 60 جگہ تشدد کے نشان تھے، پولیس والوں نے کہا ہے کہ نامعلوم افراد نے ان پر تشدد کیا ہے، پہلے کہتے تھے قتل ہوگیا، پھر کہتے ہیں ایکسیڈنٹ ہوگیا، آئی جی کو شرم آنی چاہئے، ظل شاہ کے ساتھ پولیس وین میں موجود 4 لوگوں کو بھی پکڑ کر لے گئے، سارے ثبوت ختم کرنے کی کوشش ہورہی ہے، ساری قوم کے سامنے بیٹھ کر جھوٹ بولتے ہیں، سمجھتے ہیں کہ قوم بھی اتنی ہی بے وقوف ہے جتنے یہ لوگ ہیں۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ زرداری جیسے مجرم کے بغل بچے کو نگراں وزیراعلیٰ بنا کر بٹھایا گیا ہے، آئی جی اور سی سی پی او جیسے لوگ پنجاب پولیس کو بدنام کرتے ہیں، نگراں وزیراعلیٰ پنجاب اور آئی جی پنجاب کی پریس کانفرنس شرمناک تھی، یہ لوگوں کو انسان نہیں بھیڑ بکریاں سمجھتے ہیں، ان کی شکلیں مجھے اور میری سوشل میڈیا ٹیموں کو یاد رہیں گی، ملک ان لوگوں کے ہاتھوں میں ہے جن میں عقل، صلاحیت اور اخلاقیات نہیں، ان لوگوں میں کوئی خوف خدا نہیں۔

مزید جانیے : پولیس تشدد سے پی ٹی آئی کارکن کی مبینہ ہلاکت، تحقیقات کیلیے انکوائری کمیٹی تشکیل

ان کا کہنا ہے کہ مریم نواز سب جگہ کہتی ہیں نواز شریف کے کیسز معاف کردو، یہ بادشاہ بنے ہوئے ہیں اور سمجھتے ہیں قانون صرف کمیوں کیلئے ہے، مریم نواز عدلیہ کو حکم دے رہی ہیں کہ عمران خان کو جیل میں ڈالو۔

عمران خان نے الزام لگایا کہ انہوں نے وزیراعظم ہوتے ہوئے لندن میں 4 بڑی بڑی پراپرٹیاں خریدیں، ملک میں قانون کی حکمرانی نہ ہونا ہمارا مسئلہ ہے، یہ ملک کو بنانا ری پبلک بنارہے ہیں، معاشروں میں فرق غیرت اور بے غیرتی کا ہوتا ہے، کرسیاں سنبھال کر بیٹھے ہیں اور جھوٹ پر جھوٹ بولتے ہیں، ایک ملنگ کو ٹارچر کرکے قتل کیا گیا، تصویریں دیکھ کر خون کھول جائے گا۔

چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا ہے کہ ظل شاہ کے ساتھ ہونے والا سلوک عدلیہ اور وکلاء کامسئلہ ہے، چیف جسٹس پنجاب ظل شاہ کے معاملے پر جوڈیشل کمیشن بنائیں، الیکشن کمیشن نگراں وزیراعلیٰ، آئی جی پنجاب اور سی سی پی او لاہور سے استعفیٰ لے۔

عمران خان نے اتوار کو لوگوں سے باہر نکنلے کی اپیل کردی اور کہا کہ لاہوری زندہ دل ہیں، کل سب نے میرے ساتھ نکلنا ہے، لاہور میں کل انتخابی ریلی کی قیادت کروں گا، کارکنان کل 2 بجے کی تیاری کریں۔

IMRAN KHAN

PAKISTAN TEHRIK-E-INSAAF (PTI)

ZILLE SHAH

Tabool ads will show in this div