
وزیراعظم نریندر مودی اور آسٹریلیا کے وزیراعظم اینتھنی ایلبانیز نے آج نئی دلّی کے حیدرآباد ہاﺅس میں دوطرفہ بات چیت کی۔ دونوں رہنماﺅں نے دونوں ملکوں کے درمیان جامع دفاعی شراکت داری کو فروغ دینے کیلئے مختلف معاملات پر بات چیت کی۔ دونوں رہنماﺅں نے تجارت، سرمایہ کاری، دفاع، تعلیم اور قابل تجدید توانائی کے معاملات پر بھی بات چیت کی۔اس سے پہلے وزیر خارجہ ڈاکٹر ایس جے شنکر نے ، آسٹریلیا کے وزیراعظم اینتھنی ایلبانیز سے ملاقات کی تھی۔ انہوں نے کہا کہ جناب ایلبانیز کا دورہ اور دونوں ملکوں کے درمیان سالانہ سربراہ میٹنگ سے ان کے درمیان تعلقات میں اضافہ ہوگا۔ بھارت اور آسٹریلیا کے درمیان تعلقات گرمجوشی اور دوستی پر مبنی ہیں۔ دونوں ملکوں کے درمیان اہم شراکت داری میں 2020 میں جامع اہم شراکت داری کی شکل میں اضافہ ہوا تھا۔ پچھلے سال دونوں ملکوں نے ”اقتصادی تعاون اور تجارتی سمجھوتہ“ نام کے ایک آزاد تجارتی معاہدے پر دستخط کئے تھے۔ دونوں ملکوں کے درمیان دو طرفہ تعلقات کی، 2021-22 میں تقریباً 27 ارب ڈالر کی مالیت تھی اور امید ہے کہ یہ 2035 تک 45 سے 50 ارب ڈالر سے زیادہ ہو جائے گی۔