شہباز شریف نے پارٹی رہنماؤں کو انتخابات کی تیاریوں کی ہدایت کردی
مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے رہنماؤں کو انتخابات کی تیاریوں کی ہدایت کردی۔ شہباز شریف نے کہا ہے کہ انتخابی مہم چلانے کیلئے حکمت عملی تیار کی جائے۔ انہوں نے صوبہ پنجاب کیلئے امیدواروں سے درخواستیں بھی طلب کرلیں۔
مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے پارٹی رہنماؤں کو کہا ہے کہ اللہ کا نام لے کر پنجاب اسمبلی کے انتخابات کی تیاریاں کریں، انتخابی مہم چلانے کیلئے حکمت عملی بھی بنائی جائے۔
شہباز شریف کا کہنا ہے کہ نواز شریف کی رہنمائی میں ہم نے ہمیشہ ملک کو بحرانوں سے نکالا ہے، آئندہ بھی ایسا ہی کریں گے۔
مسلم لیگ ن کے صدر نے پنجاب اسمبلی کے انتخابات کیلئے امیدواروں سے درخواستیں بھی طلب کرلیں۔
صدر مسلم لیگ ن شہباز شریف نے پنجاب اور خیبرپختونخوا میں امیدواروں کی فہرستوں کو حتمی شکل دینے کیلئے پارلیمانی بورڈز کو بھی ہدایت دے دی۔
پارٹی صدر نے امیدواروں کو ہدایت کی کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان کی طرف سے صوبہ پنجاب میں کاغذات نامزدگی کیلئے 12 مارچ کی آخری تاریخ کا اعلان ہونے کے پیش نظر اپنے اپنے حلقوں میں کاغذات جمع کرائیں۔
الیکشن کمیشن آف پاکستان نے سپریم کورٹ کی ہدایت کی روشنی میں پنجاب اسمبلی کے انتخابات کیلئے 30 اپریل کی تاریخ مقرر کی ہے۔