بسمہ معروف نے قومی ویمن ٹیم کی کپتانی سے علیحدگی کی وجہ بتادی
** بسمہ معروف نے قومی ویمن کرکٹ ٹیم کی قیادت چھوڑنے کی وجہ بتادی۔ کہتی ہیں کہ کافی عرصے سے ذہن میں یہ خیال تھا کہ ہمارے پیچھے کوئی لیڈر تیار ہو تاکہ وہ اپنی ٹیم خود بناسکے، جب تک ٹیم میں ہوں نئے کپتان کا ساتھ دوں گی۔**
پی سی بی کی جانب سے منعقدہ پریس کانفرنس میں پی ایس ایل میں ویمنز میچز کیلئے ایمازون کی کپتان بسمہ معروف سے ایک صحافی نے پاکستان ویمن ٹیم کی قیادت سے علیحدگی کی وجوہات سے متعلق سوال کیا، جس کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ان کے ذہن میں کافی عرصے سے یہ خیال تھا اور ان کو لگا کہ اب یہ صحیح وقت ہے۔
ایمازونز کی کپتان نے کہا کہ یہ بہت ضروری تھا کہ ہمارے پیچھے کوئی لیڈر تیار ہو تاکہ وہ اپنی ٹیم خود بناسکے، جب تک میں ساتھ ہوں کوشش کروں گی کہ نئی آنے والی کپتان کو اپنے تجربوں کی بنیاد پر گائیڈ کروں۔
ان کا مزید کہنا ہے کہ پی ایس ایل میں ویمنز ٹیموں کے نمائشی میچز کیلئے بہت پُرجوش ہوں، اس لیگ میں غیر ملکی کھلاڑیوں کا آنا ہمارے لئے بہت فائدہ مند ہوگا، خاص طور پر ہماری نوجوان کھلاڑیوں کو اس سے بہت کچھ سیکھنے کو ملے گا۔
بسمہ معروف نے بتایا کہ ہم سب ہی کھلاڑی کافی عرصے سے ایسے موقع کا انتظار کر رہے ہیں، میچ بہت اچھا ہوگا۔ ساتھ ہی انہوں نے عوام سے گزارش کی کہ وہ زیادہ سے زیادہ تعداد میں میچ دیکھنے گراؤنڈ میں آئیں اور ہمارا ساتھ دیں۔
سپر ویمن کی کپتان ندا ڈار نے بھی خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے میچز کھلاڑیوں کی تربیت کیلئے بہت فائدہ مند ثابت ہوں گے، انہوں نے بتایا کہ ہم سب ہی کھلاڑی کافی عرصے سے چاہ رہے تھے کہ پاکستان میں پی ایس ایل کے معیار پر خواتین کیلئے بھی میچز منعقد کئے جائیں تاکہ آنے والے نئے کھلاڑیوں کو ایک اچھا پلیٹ فارم مل سکے۔
ان کا کہنا ہے کہ جتنا ٹاپ لیول کرکٹ کھیلنے کا موقع ملے گا، اُتنی ہی پرفارمنس بہتر ہوگی اور جو ٹاپ لیول کی ٹیموں کے ساتھ ہمارا فرق ہے وہ بھی کم ہوتا رہے گا۔
ندا ڈار نے پی سی بی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ مشکور ہوں کہ انہوں نے خواتین کرکٹرز کیلئے اتنا اچھا قدم اٹھایا، ہماری کوشش ہے کہ اچھا کھیلیں اور آنے والے نئے کھلاڑیوں کو بھی سکھائیں۔
واضح رہے کہ پی ایس ایل ویمن لیگ کے 3 نمائشی میچز ایمازون اور سپر ویمن ٹیموں کے درمیان 8، 10 اور 11 مارچ کو راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے۔