لاہور قلندرز کی ایک اور فتح، ملتان سلطانز 21 رنز سے ناکام
پاکستان سپر لیگ 8 میں لاہور قلندرز نے ایک اور فتح اپنے نام کرلی، ملتان سلطانز کو 21 رنز سے شکست دے کر اپنی ٹاپ پوزیشن کو مزید مضبوط کرلیا، رضوان الیون 181 رنز ہدف کے تعاقب میں 159 رنز بناسکی۔
لاہور قلندرز کے 181 رنز کے ہدف کے تعاقب میں ملتان سلطانز کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 159 رنز ہی بناسکی، کیرن پولارڈ 39 اور محمد رضوان 30 رنز بناسکے۔
شان مسعود 19، اسامہ میر 17، رائیلی روسو 12، ڈیوڈ ملر ایک، خوشدل شاہ 10 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، انور علی 17 اور عباس آفریدی 4 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔
لاہور قلندرز کی جانب سے راشد خان نے 15 رنز دے کر 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، زمان خان، حارث رؤف، سکندر رضا اور حسین طلعت نے ایک ایک شکار کیا۔
اس سے قبل پی ایس ایل 8 کے 20 ویں میچ میں لاہور قلندرز کے کپتان شاہین شاہ آفریدی نے ملتان سلطانز کیخلاف ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 180 رنز بنا ڈالے۔
لاہور قلندرز کے اسٹار اوپنر فخر زمان بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے تاہم اس کے بعد عبداللہ شفیق نے ذمہ داری سے بیٹنگ کی، وہ 48 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، ان کی اننگز میں 6 چوکے اور ایک چھکا شامل تھا، سام بلنگز نے بھی جارحانہ انداز اختیار کیا، انہوں نے 2 چھکوں اور 6 چوکوں کی مدد سے 54 رنز بنائے۔
مرزا بیگ 17، سکندر رضا 14، حسین طلعت 9، راشد خان صفر اور شاہین شاہ آفریدی 9 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ ڈیوڈ ویزے 15 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔
ملتان سلطانز کی جانب سے انور علی، احسان اللہ، عباس آفریدی اور کیرن پولارڈ نے 2، 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، ثمین گل نے ایک شکار کیا۔
پی ایس ایل کی دفاعی چیمپئن لاہور قلندرز 7 میچز کھیل کر 6 کامیابیوں کے ساتھ پوائنٹس ٹیبلز پر 12 پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست ہے جبکہ ملتان سلطانز کے 7 میچز میں 4 کامیابیوں کے ساتھ 8 پوائنٹس ہیں۔
ٹاس کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے شاہین شاہ آفریدی نے کہا کہ آج کے مچی کیلئے ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی۔
ملتان سلطانز کے کپتان محمد رضوان کا کہنا ہے کہ ٹاس جیت جاتے تو پہلے بیٹنگ ہی کرتے، ٹاس کو نہیں دیکھتے، اچھی کرکٹ کھیلنے کی کوشش کریںگے۔
انہوں نے کہا کہ لاہور قلندرز کیخلاف میچ میں 2 تبدیلیاں کی گئی ہیں، لاہور قلندرز کو کم سے کم اسکور پر آؤٹ کرنے کی کوشش کریں گے۔
پاکستان سپر لیگ 8 کے پوائنٹس ٹیبل پر لاہور قلندرز کی ٹیم 10 پوائنٹس کے ساتھ ٹاپ پوزیشن پر ہے جبکہ ملتان سلطانز 8 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے۔