بریک ڈاؤن پر انکوائری، سینیٹ قائمہ کمیٹی کی وزارت توانائی کو آخری وارننگ
سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے توانائی نے وزارت توانائی کو آخری وارننگ دیتے ہوئے کہا ہے کہ ملک میں بجلی کے بریک ڈاؤن پر محکمانہ انکوائری کیوں نہیں کی جارہی؟، آئندہ اجلاس تک انکوائری کمیٹی تشکیل نہ دیئے جانے پر معاملہ نیب یا ایف أئی اے کے حوالے کرنے کی دھمکی بھی دیدی۔
سینیٹر سیف اللہ ابڑو کی زیر صدارت سینیٹ کی پاور کمیٹی کے اجلاس میں حالیہ بریک ڈاؤن پر کمیٹی ہدایات کے باوجود محکمانہ انکوائری کمیٹی نے بنانے پر ارکان نے پاور ڈویژن حکام پر سخت برہمی کا اظہار کیا۔
چیئرمین کمیٹی نے وزیر مملکت کی سربراہی میں قائم انکوائری کمیٹی پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا 5 ہفتے گزر گئے، کمیٹی کی ہدایات پر عمل نہیں کیا جارہا ہے، ارکان نے بلوچستان میں غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ پر احتجاج کیا۔
ارکان نے کہا کہ 90 فیصد بلوچستان میں لوڈ شیڈنگ ہورہی ہے، سیلاب میں تباہ گھروں کو بھی ابھی تک بلز بھیجے جارہے ہیں۔
سیکریٹری پاور نے یقین دہانی کروائی کہ رپورٹ تیار کرکے ممبران کے تحفظات دور کئے جائیں گے۔