ایف بی آر نے سال 2023 کا ہدف پورا کرلیا
وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کا کہنا ہے کہ فیڈرل بورڈ آف ریونیو( ایف بی آر) نے رواں سال 2023 کا ٹیکس ہدف پورا کرلیا ہے۔
مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں وزیر برائے خزانہ اسحق ڈار نے اللہ کا شکر ادا کرتے ہوئے لکھا کہ الحمد اللہ ۔۔۔ ایف بی آر نے فروری 2023ء کا ٹیکس ریونیو ہدف پورا کرلیا ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ فروری میں 527 ارب 20 کروڑ روپے ٹیکس جمع کیا گیا۔، جب کہ فروری 2022 کے مقابلے میں ٹیکس ریونیو میں 17 فیصد اضافہ ہوا ہے۔
مسافر ٹرانسپورٹ گاڑیوں پر ایڈوانس ٹیکس ریٹس میں کمی
واضح رہے کہ گزشتہ ماہ 14 فروری کو ایف بی آر نے سیلز ٹیکس کی شرح 17 فیصد سے بڑھا کر 18 فیصد کر دی تھی لیکن گزشتہ 14 روز سے اس اضافے کے اثرات کا تاحال تخمینہ نہیں لگایا جا سکا ہے۔
اسی طرح سگریٹ پر ایکسائز ڈیوٹی میں بھی نمایاں اضافہ کیا گیا ہے، ان دونوں اقدامات سے ساڑھے 3 ماہ میں آمدنی کا تخمینہ 115 ارب روپے لگایا گیا ہے۔
حکومت کا تاجروں پر لگایا جانے والا ٹیکس ختم کرنے کا فیصلہ
اس کے ساتھ ساتھ سپریم کورٹ نے 7 فروری کو بڑے ٹیکس دہندگان کو اپنے سپر ٹیکس کا 50 فیصد فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) میں جمع کرانے کا بھی حکم دیا ہے۔
سرکاری ذرائع کے مطابق ان تمام اقدامات سے ایف بی آر کو فروری کیلئے محصولات کی وصولی کا ہدف حاصل کرنے میں مدد ملی، مختصر مہینہ ہونے کی وجہ سے ہدف بھی کم تھا۔
اپنی تنخواہ پرآپ کتنا ٹیکس ادا کریں گے؟
ٹیکس حکام کے مطابق سب سے زیادہ وصولی انکم ٹیکس کی مد میں کی جاتی ہے، اس کی ایک بڑی وجہ فروری میں سپر ٹیکس کی وصولی ہے، تاہم انکم ٹیکس کی وصولی ابھی بھی رواں مالی سال کے ابتدائی 8 ماہ میں متوقع ہدف سے کم ہے۔
سیلز ٹیکس کی وصولی 8 ماہ کے لیے متوقع ہدف سے بہت پیچھے ہے، تاہم گزشتہ برس کی اسی مدت کے مقابلے میں اس میں معمولی اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، غیر معمولی مہنگائی کے باوجود سیلز ٹیکس کی وصولی اچھی کارکردگی نہیں دکھا سکی۔