وزیراعظم کی گاڑی کے قریب فائرنگ، تحقیقات کیلئے جے آئی ٹی قائم
واقعہ راولپنڈی کے پرانے ایئرپورٹ کے قریب پیش آیا
راولپنڈی پرانے ایئرپورٹ کے قریب وزیراعظم شہباز شریف کی گاڑی کے قریب ہوائی فائرنگ کے معاملے پر پنجاب حکومت نے تحقیقات کیلئے جے آئی ٹی قائم کردی۔
رپورٹ کے مطابق راولپنڈی کے پرانے ایئرپورٹ کے قریب وزیراعظم شہباز شریف کے قافلے کی گاڑیاں 24 فروری کو ہوائی فائرنگ کی زد میں آگئی تھی، جس سے گاڑیوں کو نقصان پہنچا تھا جبکہ وزیراعظم کی راولپنڈی سے لاہور فلائٹ ڈیڑھ گھنٹہ تاخیر کا شکار ہوگئی تھی۔
پنجاب حکومت نے آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی درخواست پر معاملے کی تحقیقات کیلئے جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم قائم کردی، جس کی سربراہی ایڈیشنل آئی جی اسپیشل برانچ ذوالفقار حمید کریں گے۔
پنجاب حکومت کی قائم کردہ جے آئی ٹی میں پولیس، آئی ایس آئی، آئی بی اور محکمہ داخلہ کے افسران شامل ہوں گے۔