پی ایس ایل کے لاہور اور راولپنڈی کے میچز کراچی منتقل کئے جانے کا امکان

پاکستان کرکٹ بورڈ نے فرنچائزز کا ہنگامی اجلاس جمعہ کو طلب کرلیا

پاکستان سپر لیگ 8 کے لاہور اور راولپنڈی میں ہونے والے میچز کراچی منتقل کئے جانے کا امکان ہے، اس حوالے سے مشاورت کیلئے پاکستان کرکٹ بورڈ نے فرنچائزز کا ہنگامی اجلاس جمعہ کو طلب کرلیا۔

ذرائع کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ نے پی ایس ایل فرنچائزز کا ہنگامی اجلاس جمعہ کو طلب کرلیا، جس میں لاہور اور راولپنڈی میں ہونیوالے پی ایس ایل 8 کے میچز کراچی منتقل کرنے پر مشاورت ہوگی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ کرکٹ بورڈ پی ایس ایل فرنچائزز سے مشاورت کے بعد لاہور اور راولپنڈی کے میچز کراچی منتقل کرے گا۔ ذرائع کے مطابق پنجاب حکومت نے میچز کرانے کیلئے 50 کروڑ روپے طلب کئے ہیں۔

ذرائع کے مطابق پی سی بی کی جانب سے پنجاب حکومت کو کھانے پینے کی مد میں 5 کروڑ روپے کی ادائیگی کی جاچکی ہے، یہ تمام اخراجات فرنچائزز کی ادائیگیوں میں سے دیئے جانے ہیں تاہم پاکستان کرکٹ بورڈ فرنچائزز کی ادائیگیوں میں سے یہ اخراجات دینے کے حق میں نہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پنجاب حکومت نے پی ایس ایل 8 کیلئے لائٹنگ اور سیکیورٹی کی مد میں باقی 45 کروڑ روپے بھی ادا کرنے کا کہہ دیا۔

ذرائع کے مطابق کراچی میں پی ایس ایل میچز کرانے کیلئے پی سی بی کو یہ اخراجات ادا کرنے نہیں پڑتے، پاکستان کرکٹ بورڈ یہ اخراجات بچانے کیلئے پاکستان سپر لیگ 8 کے میچز کراچی منتقل کرسکتا ہے۔

Pakistan Cricket Board (PCB)

PSL8

PSL2023

NATIONAL BANK CRICKET ARENA KARACHI

Tabool ads will show in this div