جیل بھرو تحریک عوام کو مہنگائی اور بیروزگاری تلے کچلنے والے ٹولے کیخلاف ہے، عمران خان
سابق وزیر اعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ جیل بھرو تحریک قوم کے اربوں روپے لوٹ کر عوام کو بڑھتی مہنگائی اور بیروزگاری کے بوجھ تلے کچلنے والے مجرموں کے ٹولے کے خلاف ہے۔
اپنی ٹوئٹ میں عمران خان نے کہا کہ حقیقی آزادی کیے لئے آج ہم دو بنیادی محرّکات و اہداف کے تحت جیل بھرو تحریک کا آغاز کررہے ہیں۔
عمران خان نے کہا کہ ہماری تحریک آئین کے تحت میسّر بنیادی حقوق پر یلغار کے خلاف ایک پرامن اور غیر متشدد احتجاج ہے۔ ہمیں جعلی مقدموں ، نیب کیسز ، زیرِ حراست تشدد، اور سماجی میڈیا سے وابستہ افراد پر حملوں کا سامنا ہے۔
سابق وزیر اعظم نے مزید کہا کہ جیل بھرو تحریک قوم کے اربوں روپے لوٹ کر منی لانڈرنگ کے ذریعے باہر بھجوانے اور خود این آر او لے کر عوام خصوصاً غریب اور متوسط طبقے کو بڑھتی ہوئی مہنگائی اور ے روزگاری کے بوجھ تلے کچلنے والے مجرموں کے اس ٹولے کے خلاف ہے جنہوں نے قوم کو بدترین معاشی تباہی کے سپرد کیا۔
اپنی ایک اور ٹوئٹ میں عمران خان نے کہا کہ بلوچستان میں ایک غریب بلوچ خاتون اور اس کے بچوں کو صوبائی وزیر سردار عبدالرحمان کیتھران کی نجی جیل میں غیر قانونی طور پر قید کئے جانے، انہیں جسمانی تشدد کا نشانہ بنائے جانےاور قتل کئے جانےکی شدید مذمت کرتا ہوں۔جنگل کے اس قانون کے خلاف فوری کارروائی عمل میں لائی جائے۔