قومی احتساب بیورو نے توشہ خان کیس میں عمران خان اور بشریٰ بی بی کو طلب کرلیا

نیب نے توشہ خانہ کا ریکارڈ کابینہ ڈویژن اور وزیراعظم آفس سے لے لیا

قومی احتساب بیورو (نیب) نے توشہ خانہ کیس میں چیئرمین تحریک انصاف عمران خان اور سابق خاتون اول بشریٰ بی بی کو طلب کرلیا۔

عمران خان اور سابق خاتون اول بشریٰ بی بی کو نیب راولپنڈی نے 9 مارچ کو ریکارڈ سمیت طلب کرلیا۔ عمران خان سے مہنگی گھڑیوں، انگوٹھیوں کے بارے میں پوچھا گیا ہے۔

نیب نے ہیرے کے گفٹ، سونے کی 5 رولیکس گھڑیوں کا ریکارڈ بھی طلب کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق نیب نے توشہ خانہ کا ریکارڈ کابینہ ڈویژن اور وزیراعظم آفس سے لے لیا ہے۔

یاد رہے کہ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان پرسرکاری تحائف کو کم قیمت پرلینے کا الزام ہے، نیب توشہ خانہ کیس میں دو ملزمان کو پہلے ہی طلب کرچکے ہیں۔

توشہ خانہ کیس ہے کیا؟

گزشتہ سال اگست میں الیکشن کمیشن میں پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے ایم این ایز کی درخواست پر سپیکر قومی اسمبلی راجا پرویز اشرف نے الیکشن کمیشن کو عمران خان کی نااہلی کےلیے ایک ریفرنس بھیجا تھا۔

ریفرنس میں کہا گیا تھا کہ عمران خان نے اپنے اثاثوں میں توشہ خانہ سے لیے گئے تحائف اور ان تحائف کی فروخت سے حاصل کی گئی رقم کی تفصیل نہیں بتائی۔

ریفرنس کے مطابق عمران خان نے دوست ممالک سے توشہ خانہ میں حاصل ہونے والے بیش قیمت تحائف کو الیکشن کمیشن میں جمع کروائے گئے اپنے سالانہ گوشواروں میں دو سال تک ظاہر نہیں کیا اور یہ تحائف صرف سال 2020-21 کے گوشواروں میں اس وقت ظاہر کیے گئے جب توشہ خانہ سکینڈل اخبارات کی زینت بن گیا۔

واضح رہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان نے 21 اکتوبر کو توشہ خانہ ریفرنس میں سابق وزیر اعظم عمران خان کو الزامات ثابت ہونے پر قومی اسمبلی کی رکنیت سے نااہل قرار دے دیا تھا۔

الیکشن کمیشن آف پاکستان کے پانچ رکنی 5 کے متفقہ فیصلے میں کہا گیا ہے کہ عمران خان کرپٹ پریکسٹس کے مرتکب ہوئے ہیں اس لیے انھیں آئین کے آرٹیکل 63 پی کے تحت نااہل قرار دیا جاتا ہے۔ فیصلے میں عمران خان کے خلاف قانونی کارروائی کا آغاز کرنے کا حکم بھی دیا گیا تھا۔

NAB

IMRAN KHAN

TOSHA KHANA

Tabool ads will show in this div