وزیراعظم نے وکلاء تحفظ ایکٹ کی منظوری کی اجازت دیدی
وزیراعظم شہباز شریف نے وکلاء تحفظ ایکٹ کی منظوری کی اجازت دیدی۔ کہتے ہیں کہ وکلاء نے ملک میں قانون کی بالادستی کیلئے طویل جدوجہد کی، حکومت بار کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کررہی ہے۔
وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے وکلاء تحفظ ایکٹ کی منظوری کی اجازت دے دی، ایکٹ کابینہ کے آئندہ اجلاس میں اصولی منظوری کیلئے پیش کیا جائے گا۔
وزیرِاعظم نے یقین دہانی کروائی ہے کہ اعلیٰ عدلیہ میں ججز کی تعنیاتی کے حوالے سے وکلاء برادری سے بھرپور مشاورت کی جائے گی، انہوں نے بار نمائندگان کے سپریم کورٹ کے ازخود نوٹس پر حقِ اپیل کے مطالبے پر اس حوالے سے بِل کا مسودہ پیش کرنے کا کہہ دیا۔
شہباز شریف نے بار نمائندگان کو یقین دہانی کروائی کہ حکومت سپریم کورٹ کے ازخود نوٹس پر حقِ اپیل کا بِل پارلیمان میں منظوری کیلئے پیش کرے گی، وکلاء نے ملک میں قانون کی بالادستی کیلئے طویل جدوجہد کی، آئین و قانون کی بالادستی کیلئے وکلاء برادری کی بے شمار قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ حکومت بار کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کر رہی ہے، گزشتہ حکومت نے ملک کے ہر شعبے کو اپنی نااہلی سے نقصان پہنچایا، گزشتہ حکومت میں آئین و قانون کی خلاف ورزیاں عروج پر پہنچیں۔