کراچی میں ڈاکو کی فائرنگ سے ایک شخص بیوی اور بچوں کے سامنے قتل
کراچی کے علاقے نارتھ کراچی میں ڈاکو نے فائرنگ کرکے ایک شخص کو اس کی بیوی اور بچوں کے سامنے قتل کردیا۔
کراچی میں سندھ حکومت کے تمام تر وعدوں اور رینجرز و پولیس کے دعوؤں کے باوجود کراچی میں ڈاکوؤن کے ہاتھوں شہریوں کا قتل عام ہوچکا ہے۔
ایسا ہی ایک واقعہ نارتھ کراچی سیکٹر 2 میں 4جے پب اسٹاپ کے قریب پیش آیا ہے جہاں مزمل نامی شخص اپنے 2 بچوں، بھانجی اور بیوی کے ساتھ بائیک پر گھر واپس جارہا تھا۔
ایک ڈاکو نے بیوی کے ہاتھ میں موجود پرس چھیننے کی کوشش کی۔اسی دوران پرس گر گیا، مزمل پرس اٹھانے لگا تو ڈاکو اس پر فائرنگ کرکے فرار ہوگیا اور مزمل وہیں دم توڑ گیا۔
مزمل کے اہل خانہ نے بتایا کہ مقتول کی 5 بہنیں ہیں اور بھائی ایک بھی نہیں، وہ ویلڈنگ کا کام کرتا تھا اور اس رات پی آئی بی کالونی میں رہائش پزیر اپنی بہن سے مل کر واپس گھر آرہا تھا۔
مزمل کی بیوی کے ہاں تیسرے بچے کی پیدائش ہونے والی تھی لیکن ڈاکوؤں نے اسے بیوی کے سامنے ہی قتل کردیا۔
دوسری جانب پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی تحقیقیات جاری ہیں، جائے وقوعہ پر لگے کیمروں کی مدد سے ملزم تک پہنچنے کی کوشش کی جارہی ہے۔
پولیس اور رینجرز کی نااہلی کے باعث کراچی میں 2022 میں 110 افراد اسٹریٹ کرائم کے دوران مزاحمت پر قتل ہوچکے ہیں۔
کراچی کے شہریوں نے بھی کئی مقامات پر پکڑے گئے اسٹریٹ کرمنلز کو قانون کے حوالے کرنے کے بجائے خود ہی انصاف کرنا شروع کردیا ہے۔