منی بجٹ پیش، شادی کی تقریبات اور لگژری آئٹمز پر ٹیکس لگانے کی تجویز
وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے قومی اسمبلی میں منی بجٹ پیش کردیا، شادی بیاہ کی تقریبات پر 10 فیصد، لگژری آئٹمز پر جی ایس ٹی 25 فیصد، جنرل پر 18 فیصد کرنے کی تجویز دی گئی ہے جبکہ سیمنٹ، سگریٹ، ڈرنکس پر فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی کی شرح بڑھانے کی بھی سفارش کردی، فرسٹ کلاس اور بزنس کلاس ٹکٹ پر ایف ای ڈی کی شرح 20 فیصد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، گندم، چاول، دودھ، دال، سبزی، انڈے، مرغی، گوشت اضافی ٹیکس سے مستثنیٰ ہوں گے۔
قومی اسمبلی میں ضمنی مالیاتی بل 2023 پیش کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا کہ ن لیگ کے گزشتہ دور میں جی ڈی پی میں 112 ارب ڈالر اضافہ ہوا لیکن پی ٹی آئی دور میں جی ڈی پی میں صرف 26 ارب ڈالر کا اضافہ ہوسکا۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ 2013 میں پاکستان میں فی کس آمدنی 1389 ڈالر تھی، پاکستان کی معیشت دنیا میں 24ویں نمبر پر آگئی تھی، پاکستان اسٹاک ایکسچینج دنیا میں پہلے نمبر پر تھی۔ ان حالات میں پاکستان میں غیر سیاسی تبدیلی لائی گئی۔
پی ٹی آئی پر تنقید کرتے ہوئے وزیر خزانہ نے کہا کہ سلیکٹڈ حکومت آنے کے بعد ہم 24 ویں سے47ویں معیشت بن گئے، معاشی تنزلی وجوہات جاننے کے لئے قومی کمیشن تشکیل دیاجائے، موجودہ حکومت کو بیمار معیشت ورثے میں ملی ہے، موجودہ حکومت معیشت کو مستحکم کررہی تھی کہ سیلاب آگیا۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ آئی ایم ایف سے مختلف معاملات پر عمل درآمد کا عندیہ دیا ہے، بجلی کا گردشی قرضہ بڑھتا جارہا ہے، 3 ہزار ارب کے بجائے صرف 1600 ارب روپے وصول کیے جاتے ہیں، یہ کسی بھی معیشت کے لئے نقصان دہ ہے، ریاست اس کی متحمل نہیں ہوسکتی۔
وزیر خزانہ نے کہا کہ معاشی استحکام کیلئےمشکل فیصلے ناگزیر ہیں،گردشی قرضہ کم کرنے کیلئے بجٹ میں رقم مختص کی جائےگی۔ کابینہ نے 170ارب روپے کے نئے ٹیکسز لگانےکی منظوری دی ہے، کوشش ہے ایسے ٹیکسز لگائے جائیں جن کا عوام پربوجھ نہ پڑے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ روزہ مرہ کی اشیاء پر ٹیکس نہیں لگایا گیا، لگژری آئٹمز پر سیلز ٹیکس 17 سے بڑھاکر 25 فیصد کردیا گیا، سگریٹ اور شوگری ڈرنکس پر فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی کی شرح میں اضافہ کیا جارہا ہے۔
سیمنٹ پر ٹیکس میں اضافہ
منی بجٹ کے خدوخال بیان کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا کہ سیمنٹ پر ڈیڑھ روپے فی کلو فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی 2 روپےکردی گئی ہے۔
جی ایس ٹی میں اضافہ
منی بجٹ کے ذریعے جی ایس ٹی کی شرح کو 17 فیصد سے بڑھا کر 18 فیصد کردیا گیا ہے۔
شادی کی پرتعیش تقریبات
منی بجٹ میں شادی کی پرتعیش تقریبات کے بلوں پر 10 فیصد ودہولڈنگ ایڈوانس انکم ٹیکس عائد کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔
شروع میں معیشت کی رفتارسست
وزیر خزانہ نے کہا کہ ہمارے اقدامات سے قیمتوں میں استحکام اور آمدن میں اضافہ ہوگا، جی ڈی پی گروتھ بہتر ہوگی، شروع میں معیشت کی رفتارسست،رفتہ رفتہ پیداوارمیں اضافہ ہوگا۔
کون سی چیزیں اضافی ٹیکس سے مستثنیٰ
منی بجٹ کے دوران اسحاق ڈار نے کہا کہ گندم، چاول، دودھ، دالیں، سبزی، انڈے، مرغی اور گوشت پر اضافی ٹیکس نہیں ہوگا۔