سابق وزیراعظم عمران خان کے مشہور ڈائیلاگ گھبرانا نہیں ہے پر مبنی فلم محسن علی کی تحریر کردہ ہے جو کہ 2022 کی عید الفطر پر سینیما گھروں میں ریلیز کی جارہی ہے ۔
صبا قمر کی فلم ”گھبرانا نہیں ہے“ کا کراچی کے مقامی سنیما گھر میں رنگا رنگ پریمیئر ہوا جس میں فلم کی کاسٹ اور ٹیم سمیت شوبز ستاروں نے بھر پور شرکت کی۔
ریڈ کارپٹ پر فلم کی مرکزی کاسٹ اداکارہ صباقمر، اداکار زاہد خان، سید جبران، سلیم معراج، نیئر اعجاز، افضل خان(ریمبو)، ڈوڈی خان، طیب محمود شیخ، ہدایتکار ثاقب خان اور رائٹر محسن علی کے علاوہ عبداللہ کادوانی، جاوید شیخ، ہمایوں سعید، بہروز سبزواری، شہود علوی، اظفر رحمان، ثاقب سمیر، اختیاربیگ، ژالے سرحدی،ندیم بیگ، ایوب کھوسو، ماریہ واسطی،احسن نعیم، جویریہ عباسی،زارانور عباس، نبیل ظفر،ٹیپو، اسد صدیقی، جنید خان، سعود، جویریہ سعود، سمیع خان، حنا دلپذیر،عروسہ صدیقی، نادیہ حسین، فریحہ الطاف، جنید اکرم، ایاز خان، عرفان موتی والا، معروف ہدایتکار سہیل جاوید،برکت رضوی ، کرکٹر شعیب ملک اور دیگر بے شمار فنکار وں نے اس تقریب میں شرکت کرکے رونق بکھیر دی۔
فلم کے ہدایتکار ثاقب خان کا سماء ڈیجیٹل سے گفتگو میں فلم کے ٹائٹل کے حوالے سے کہنا تھا کہ گھبرانا نہیں ہے اب کسی ایک کا جملہ نہیں بلکہ اب یہ ایک محاورہ بن چکا ہے ۔
ان کا کہنا تھا کہ فلم کی تین چیزیں اچھی ہیں جس کی وجہ سے لوگوں کو یہ فلم دیکھنی چاہیے پہلی فلم کی کاسٹ ، دوسری فلم کی کہانی اور تیسری یہ فیملی فلم میں کوئی غیر اخلاقی ڈائیلاگ نہیں ہیں۔
فلم میں وقار علی ، علی ظفر اور شجاع حیدر کے گانے بھی شامل ہیں،فلم کی ۸۰ فیصد عکس بندی کراچی بلکہ بقیہ ریکارڈنگ لاہور اور فیصل آباد میں ہوئی ۔
اس موقع پر فلم کے پروڈیوسرحسن ضیا نے کہا کہ کرونا کی وجہ سے ہم نے 2 سال انتطار کیا جس سے ایسا لگا ہم دس بیس سال پیچھے چلے گئےہیں تاہم اب جو سلسلہ چل پڑا ہے فلمیں ریلیز ہورہی ہیں تو مجھے لگتا ہے ہم نے جہاں سے 2019 میں جہاں سے چیزوں کو چھوڑا تھا وہیں سے ہم دوبارہ آگے بڑھیں گے۔
معروف یوٹیوبر جنید اکرم نے بھی فلم میں مختصرکردار ادا کیا ہے ان کا کردار ایک صحافی کا کردار تھا ۔
اس حوالے سے انہوں نے بتایا کہ اچھا تجربہ تھا کیونکہ یوٹیوب پر بہت آسانی ہوتی ہے کہ فون نکالا اور ویڈیو بنانا شروع ہوگئے لیکن فلم میں کئی کمرے لائٹس کو دیکھا جاتا ہے جبکہ ایک ہی سین 30 سے چالیس بار ریکارڈ کیا جاتا ہت کبھی ادھر سے کبھی ادھر سے 8 گھنٹے میں ایک سین فائل ہوتا ہے وہ بھی صرف 20 سیکنڈ کا ہوتا ہے ۔
فلم میں مرکزی کردار اداکرنے والے اداکار زاہد احمد کا کہنا تھا کہ گھبرانا نہیں ہے کا عمران خان اور سیاست سے کوئی تعلق نہیں ہے۔
کاسٹ
فلم میں صبا قمر، زاہد احمد، سید جبران، نیئر اعجاز، افضل خان جان (ریمبو)، سلیم معراج، سہیل احمد اور دیگر اداکار جلوہ گر ہو رہے ہیں۔
مذکورہ فلم ثاقب خان نے ڈائریکٹ کی ہے اور اس کی پروڈکشن جمیل بیگ اور حسن ضیا نے کی ہے۔
فلم کی کہانی
فلم میں اداکار زاہد احمد کو ایک کرپٹ پولیس افسر کا کردار ادا کرتے ہوئے دیکھایا گیا ہے جو بعد میں صبا قمر کو اس کا گھر حاصل کرنے میں مدد کرے گا، فلم ایک رومانوی کامیڈی ہے جس میں کچھ ایکشن بھی ہے۔
فلم میں سید جبران نے مزاحیہ اداکاری کرتے ہوئے مزاح کا تڑکا لگایا ہے اگر دیکھا جائے تو سید جبران نے اس فلم میں اپنے مداحوں کو حیران کیا ہے کیونکہ اس سے انہوں نے اپنے بیشتر ڈراموں میں سنجیدہ نوعیت کی اداکاری کی ہے ۔
یہ فلم ایک لو ٹرائی اینگل ہے جس میں صبا قمر کا کردار سب سے نمایاں اور منفرد ہے جو ایک طرف سید جبران کی محبت کے طور پر دکھائی دیتی ہیں تو دوسری طرف وہ زاہد احمد سے بھی رومانس کرتی دکھائی دیتی ہیں جبکہ فلم کے مرکزی ولن یعنی نیر اعجاز کی ہونے والی بیوی کے طور پر بھی دکھایا گیا ہے۔
جنید اکرم کا کردار ایک صحافی کا ہے جسے پہلے ایماندار دکھایا گیا تاہم وہ معاشی حالات کی تنگی کے باعث غلط راستہ اختیار کرنے کی حمایت کرتا ہے جبکہ ایک سین میں معروف صحافی امین حفیظ بھی نظر آئے۔