مسجد نبوی ﷺ واقعہ کے تانے بانے پاکستان سے ملتے ہیں،وزیرداخلہ

SAMAA | - Posted: May 1, 2022 | Last Updated: 1 hour ago
SAMAA |
Posted: May 1, 2022 | Last Updated: 1 hour ago

وزیرداخلہ رانا ثناء اللہ کا کہنا ہے کہ مسجد نبوی ﷺ میں جو واقعہ پیش آیا اس کے تانے بانے پاکستان اور برطانیہ سے ملتے ہیں۔

اسلام آباد میں وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب میں وزیرداخلہ کا کہنا تھا کہ حکومت  کسی کے خلاف قانونی کارروائی کا حصہ بننے کے حق میں نہیں مگر لوگوں کے جذبات مجروح ہوئے ہیں وہ مقدمات درج کرانا چاہتے ہیں۔

انہوں مزید کہا کہ جو مقدمات درج کیے گئے قانون کے مطابق میرٹ پر کارروائی کی جائے گی۔ حکومت اس سلسلے میں کوئی رکاوٹ نہیں ڈالے گی۔ وزیرداخلہ کا کہنا تھا کہ ہمیں دھمکیاں نہیں دیں کہ گھروں سے نکلنے نہیں دیں گے، ہوش کے ناخن لیں آپ کا گھروں سے نکلنا بھی مشکل ہوگا۔

رانا ثنا اللہ نے کہا کہ یہ لوگ یہاں پر کہتے رہے کہ دیکھئے گا کل ان کے ساتھ کیا ہوگا؟ سعودی عرب کے واقعے پر لوگوں نے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا، لوگوں نے غم اور غصے میں پولیس اور دیگر اداروں سے رابطہ کیا، ہم اس حق میں نہیں ہیں کہ حکومت کسی قانونی کارروائی کا حصہ بنے۔

انہوں نے کہا کہ افسوسناک واقعے کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے، واقعہ پر پاکستانی قوم سمیت پوری عالم اسلام کو بے حد دکھ اور رنج پہنچا، یہ غلط فہمی پیدا کی جارہی ہے کہ واقعہ وہاں ہوا مقدمہ یہاں کیسے؟ انہوں نے واضح کیا کہ اگر تو ایسا ہے کہ یہاں مقدمہ نہیں بنتا تو ٹھیک اگر مقدمہ بنتا ہے تو قانون عمل میں آئے گا۔

دوسری جانب وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے سعودی عرب میں پیش آنے والے واقعے پر دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ قانونی صورتحال کے مطابق ضابطہ فوجداری کے تحت کارروائی ہو سکتی ہے، اگر کوئی پاکستانی دنیا میں کہیں جرم کرے تو اس کے خلاف پاکستان میں مقدمہ درج ہوسکتا ہے۔

وزیرقانون کا کہنا تھا کہ یہ قابل دست اندازی جرم ہے کسی کے ساتھ زیادتی نہیں ہوگی،وفاق یقین دہانی کرائے گا کہ کسی کے ساتھ ضابطے کے خلاف کچھ نہیں ہونا چاہیے، وفاق صوبوں کو یقین دہانی کروائے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ ان ایف آئی آرز میں کسی ایسی دفعہ کا اطلاق نہیں، جو توہین رسالت کے زمرے میں آتی ہو۔

WhatsApp FaceBook
تازہ ترین
 
Facebook Twitter Youtube