ویب ڈیسک
معروف امریکی جریدے ٹائم نے اپنی رپورٹ میں میڈیکل ماہرین اور کورونا سے متعلق اب تک آنے والی تحقیقات کے تجزیے کی بنیاد پر بتایا ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ میں کورونا کی علامتیں شدید ہوسکتی ہیں۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور ان کی اہلیہ میلانیا ٹرمپ میں 2 اکتوبر کی صبح کورونا کی تصدیق ہوئی تھی۔
ٹائم میگزین نے اپنی رپورٹ میں کورونا سے متعلق اب تک سامنے آنے والی تحقیقات کی روشنی اور ماہرین کے تجزیے سے بتایا کہ چوں کہ ڈونلڈ ٹرمپ کی عمر 74 برس ہے اور اس عمر کے افراد میں کورونا کی علامتیں شدید ہوتی ہیں۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ امریکا میں کورونا سے ہونے والی 80 فیصد اموات ان افراد کی ہوئیں جن کی عمریں 65 برس سے زائد تھیں جب کہ ڈونلڈ ٹرمپ کی عمر 74
برس ہے۔
امریکی صدر کے معالجین نے کورونا وائرس سے متاثرہ ڈونلڈ ٹرمپ کی طبیعت میں بہتری کا دعویٰ کیا ہے جبکہ ٹرمپ کی طبیعت سے آگاہی رکھنے والے ذرائع نے کہا کہ ان کی بنیادی تشخیصی عناصر (وائٹل سائنز) کی علاماتیں تشویشناک ہیں اور اگلے 48 گھنٹے اہم ہیں۔
خبررساں ادارے ’اے ایف پی‘ کے مطابق امریکی صدر میں کورونا وائرس کی تشخیص کے بعد انہیں والٹر ریڈ ملٹری میڈیکل سینٹر میں منتقل کردیا گیا تھا۔
اس ضمن میں ڈونلڈ ٹرمپ کے معالج شان کونلی نے بتایا کہ ڈونلڈ ٹرمپ کی طبیعت میں بہتری ہے اور چہل قدمی بھی کررہے ہیں۔
علاوہ ازیں انہوں نے بتایا کہ 24 گھنٹے سے بخار نہیں ہوا جبکہ ان کی کھانسی، نزلہ اور تھکاوٹ میں بہتری آ رہی ہے۔
معالج نے مزید کہا کہ ڈونلڈ ٹرمپ کو اضافی آکسیجن نہیں دی جاری اور وہ ’تیزی سے صحتیاب ہورہے ہیں‘۔
شان کونلی نے بتایا کہ ’ہم نے ڈونلڈ ٹرمپ کے دل، گردے اور جگر کی فعالیت کا بھی جائزہ لیا ہے جو سب کچھ معمول کے مطابق ہیں۔
دوسری جانب امریکی صدر کی صحت سے واقفیت کرنے والے ذرائع نے ڈونلڈ ٹرمپ کی طبیعت کے بارے میں تشویش کا اظہار کیا ہے۔