راہل گاندھی نے جمعہ کو مہاراشٹر کے چندرپور میں انتخابی ریلی میں کہا تھا کہ نریندر مودی نے اپنے گرو اڈوانی کو جوتا مار کر اسٹیج سے اتار دیا ہے۔
بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی سینئر لیڈر اور وزیر خارجہ سشما سوراج نے پارٹی کے سینئر لیڈر لال کرشن اڈوانی پر کانگریس صدر راہل گاندھی کے متنازع بیان پر سخت حملہ کرتے ہوئے کہا کہ انہیں (راہل گاندھی) عزت ووقار کے دائرہ میں رہ کر زبان کا استعمال کرنا چاہئے۔ راہل گاندھی نے جمعہ کو مہاراشٹر کے چندرپور میں انتخابی ریلی میں کہا تھا کہ نریندر مودی نے اپنے گرو اڈوانی کو جوتا مار کر اسٹیج سے اتار دیا ہے۔
سوراج نے ہفتہ کو ٹوئٹر کے ذریعہ راہل گاندھی کے اس متنازع زبان کے لئے تنقید کی۔ انہوں نے کہا کہ راہل گاندھی کے بیان نے جذبات کو مجروح کیا ہے، کانگریس صدر کو زبان کے وقار کا لحاظ و پاس رکھنا چاہئے۔ انہوں نے ٹوئٹر پر لکھا’’راہل جی، اڈوانی جی ہمارے باپ کی طرح ہیں۔ آپ کے بیان نے ہمیں بہت مجروح کیا ہے۔ برائے مہربانی زبان کا خیال رکھنے کی کوشش کریں‘‘۔
اڈوانی نے جمعرات کو ایک بلاگ لکھا تھا جس میں انہوں نے کہا تھا کہ بی جے پی نے اپنے سیاسی مخالفین کو کبھی دشمن یا غدار نہیں مانا ہے۔ چھ بار کے ایم پی رہے پارٹی کے بزرگ رہنما اڈوانی کو اس بار بی جے پی نے گجرات کی گاندھی نگر سیٹ سے امیدوار نہیں بنایا ہے۔ اس بار یہاں سے بی جے پی صدر امت شاہ پارٹی امیدوار ہیں۔ ٹکٹ نہیں دئیے جانے کے بعد اڈوانی کی جانب سے بلاگ میں پہلا عوامی تبصرہ تھا۔
سابق نائب وزیر اعظم کے بلاگ لکھنے کے بعد سے اپوزیشن وزیر اعظم مودی پر مسلسل حملہ آور ہے۔