امریکہ شمالی کوریا سربراہ ملاقات کی حمایت کا اعادہ کیا گیا ہے: جنوبی کوریائی صدر

جنوبی کوریا کے صدر کا کہنا ہے کہ اُنہیں اور شمالی کوریا کے رہنما کو اُمید ہے کہ امریکہ اور شمالی کوریا کے مابین سربراہ ملاقات کا انعقاد منصوبے کے مطابق ہو سکے گا۔

صدر مُن جے اِن نے یہ بیان اتوار کے روز ایک پریس کانفرنس میں دیا۔ ہفتے کے روز اُن کی شمالی کوریائی رہنما کم جونگ اُن کے ساتھ غیر متوقع ملاقات ہوئی تھی۔

صدر مُن کا کہنا تھا کہ جناب کِم نے پَن مُنجوم اعلامیے کے اپنے موقف کو دہراتے ہوئے جزیرہ نما کوریا کو ایٹمی ہتھیاروں سے مکمل طور پر پاک کرنے کے اپنے عزم کا اعادہ کیا ہے۔ جنوبی کوریائی صدر نے مزید کہا کہ جناب کِم نے امریکہ اور شمالی کوریا کے مابین کامیاب سربراہ ملاقات کے ذریعے جنگ اور محاذ آرائی کی تاریخ کا باب ختم کرتے ہوئے تعاون کے ساتھ امن اور خوشحالی حاصل کرنے کی اپنی خواہش کا اظہار کیا ہے۔

صدر مُن کا کہنا ہے کہ انہوں نے جناب کِم کو بتایا کہ امریکہ، شمالی کوریا کے ساتھ دشمنی ختم کرتے ہوئے جوہری اسلحے کے مکمل خاتمے کے بدلے انہیں معاشی امداد دینے کے لیے تیار ہے۔